(ویب ڈیسک)کراچی میں سیالکوٹ کے شہری نے امریکیوں کو ماموں بنادیا۔ جعلی صحافی بن کر دو دفعہ امریکہ کا ویزا لگوانے والا شخص تیسری مرتبہ ویزا لگوانے کی کوشش میں قابو آ گیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار اعجاز چیمہ نے خود کو نجی ٹی وی چینل کا رپورٹر ظاہر کر کے نہ صرف امریکی ویزہ حاصل کیا بلکہ 2019 میں حاصل کردہ ویزے پر بطور سینیئر رپورٹر اقوام متحدہ کے اجلاس کی کوریج بھی کی ۔ اعجاز چیمہ نے دو مرتبہ نجی ٹی وی کا رپورٹر بن کر امریکی ویزہ حاصل کیا۔
جب تیسری مرتبہ ویزا لینے آیا توپکڑا گیا۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے نے ایف آئی اے کو خط لکھا تھا جس پرایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کے مطابق امریکی قونصل خانے کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اعجاز چیمہ ولد غلام رسول چیمہ نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے مزید بتایا کہ ملزم نے 2020 میں اسی ٹی وی چینل کا سینیئر نمائندہ بن کر دوسری بار ویزہ حاصل کیا تھا۔
امریکی قونصل خانے کی تحقیقات میں نجی ٹی وی انتظامیہ نے ملزم کے پیش کردہ خطوط سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد امریکی قونصل خانے نے بذریعہ خط ایف آئی اے کو ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی تھی۔
سیالکوٹ کے شہری نے امریکیوں کو ماموں بنادیا
11 Feb, 2022 | 09:17 PM