(قذافی بٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، سینیٹ الیکشن کے لئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری کوریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں، نامزد امیدواروں کی فہرست 14 فروری کو آویزاں کی جائے گی، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 تا 16 فروری ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہو گی، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے فیصلوں کیخلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 18 فروری 2021 مقرر کی گئی ہے، اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 20 فروری ہے۔
شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو آویزاں کی جائے گی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری مقرر کی گئی ہے، امیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 فروری کو آویزاں کی جائیں گی، سینیٹ الیکشن کے لئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
واضح رہےکہ سال 2018 میں بھی سینیٹ انتخابات تین مارچ کو ہوئے تھے, وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن مقررہ وقت سے پہلے کروانے کا اعلان کیا تھا جسے اپوزیشن جماعتوں نے مسترد کر دیا تھا۔