پی ایچ اے افسران نے جیبیں بھرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

11 Feb, 2020 | 09:21 PM

Arslan Sheikh

( رضوان نقوی ) اینٹی کرپشن نے مقبرہ جہانگیر میں چھاپہ مار کر سپروائزر رانا اعجاز کو ڈائریکٹر پی ایچ اے فرحت شاہ کیلئے مالی سے منتھلی وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

پی ایچ اے افسران کی طرف سے مالیوں سے منتھلیاں وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی ٹیم نے پی ایچ اے کے مالی کی درخواست پر مقبرہ جہانگیر میں چھاپہ مار کر پی ایچ اے کے سپروائزر رانا اعجاز کو مالی سے منتھلی وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پی ایچ اے کا سپروائزر رانا اعجاز مالی طارق محمود سے ڈائریکٹر پی ایچ اے فرحت شاہ کیلئے منتھلی وصول کرنے آیا تھا- اینٹی کرپشن نے سپروائزر کی جیب سے 5 ہزار روپے برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مالی نے انکشاف کیا ہے کہ سپروائزر رانا اعجاز ڈیڑھ سو مالیوں سے ہر مہینے ڈائریکٹر پی ایچ اے فرحت شاہ اور پی اے ٹو ڈائریکٹر کاشف کیلئے منتھلی وصول کرتا ہے۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈاکٹر احمد افنان کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اعتزاز منیر گوندل کی سربراہی میں کارروائی کی گئی۔ اینٹی کرپشن کی چھاپہ مار ٹیم میں سب انسپکٹر خاور عباس، طالش محمود، صابر رحمان شامل تھے۔

اینٹی کرپشن نے پی ایچ اے سپروائزر رانا اعجاز کی جیب سے 96 ہزار روپے اور دو موبائل فونز بھی برآمد کیے ہیں۔

مزیدخبریں