معمولی تلخ کلامی پر اوباش افراد کی تاجر پر فائرنگ

11 Feb, 2020 | 09:00 PM

Arslan Sheikh

( عرفان ملک ) گوالمنڈی کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پر اوباش افراد کی فائرنگ، لیدر مارکیٹ کے صدر عابد پال شدید زخمی ہوگئے۔

امن و امان کی خراب صورتحال، قتل و غارت گری، اغوا برائے تاوان، خواتین و بچوں کے ساتھ زیادتی و اغوا، ڈکیتی و چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور سرعام فائرنگ جیسے جرائم میں خطرناک حد تک اضافے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے عملی اقدامات ہوتے نظر نہیں آرہے۔

گوالمنڈی کے علاقے چیمبر لین روڈ پر لیدر مارکیٹ کے صدر عابد پال نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد اپنے دفتر بیٹھے تھےکہ اسی دوران ملزمان عمران اور ذوہیب بٹ وہاں آئے اور دفتر میں داخل ہوکر عابد پال پر شدید فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے عابد پال کی چھاتی پر چار گولیاں لگیں جبکہ ایک گولی ٹانگ اور ایک گولی ان کے بازو پر لگی۔

فائرنگ کے بعد مقامی افراد نے زخمی کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

مارکیٹ کے تاجروں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچی، تاجر ماجد بٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان دونوں آپس میں کزن ہیں اور عابد پال کے دفتر کی بالائی منزل پر انکی رہائش گاہ تھی۔

مزیدخبریں