معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی آج دوسری برسی

11 Feb, 2020 | 04:31 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) انسانی حقوق کی علمبردار اور آمریت کے خلاف آواز اٹھانے والی معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی آج دوسری برسی منائی جارہی ہے۔

عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 میں لاہور میں پیدا ہوئیں, انہوں نے ابتدائی تعلیم جیزس اینڈ میری کانونٹ سے حاصل کی، 1978 میں کنیئرڈ کالج سے گریجویشن اور ایل ایل بی مکمل کیا,  عاصمہ جہانگیر تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1980 میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک کا حصہ بنیں, عاصمہ انسانی حقوق کی ایسی علمبردار تھیں جنہوں ںے سچ بات بنا کسی خوف کے کہی ۔ آمروں کے ہردور میں ان کا جہاد جاری رہا، مزدوروں کے حقوق کی بات ہو یا خواتین کے عاصمہ جہانگیر ہر محاذ پر ہراول دستے کی صورت نظر آئیں۔

ڈکٹیٹر ضیا الحق کے خلاف تحریک کیلئے کام کیا، اس دوران انہیں قید و بند کی صعوبتوں کا بھی سامنا رہا۔1993 میں  ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی صدر منتخب ہوئیں۔

انہوں نے عدلیہ بحالی تحریک میں بھی بھرپور حصہ لیا تھا اور انسانی حقوق کی ترجمان بھی مانی جاتی تھیں، عدلیہ بحالی تحریک میں بھی وہ پیش پیش رہیں جبکہ مارشل لاء دور میں کی گئی ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہیں 2010ءمیں ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ کئی انٹرنیشنل ایوارڈ بھی ملے،  پاکستان بار کونسل کی پہلی خاتون صدر منتخب ہو کر بھی انہوں نے تاریخ رقم کی ۔

عاصمہ جہانگیر 11 فروری 2018 کو دل کا دورہ پڑنے سے  دنیا سے رخصت ہوگئیں، بعد از مرگ انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

مزیدخبریں