حسن خالد: بھارت اور کینیڈا کے کبڈی کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف دعوت،مہمانوں کی لاہور کے روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی ۔
چیئرمین گجر یوتھ فورم خرم ریاض گجر کی جانب سے ڈی ایچ اے میں انڈین و کینڈین کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران و کھلاڑیوں کے اعزاز میں دعوت دی گئی،، مہمانوں کا کہنا تھا کہ لاہور زندہ دلوں کا شہر ہے۔
ڈی ایچ اے گجر پیلس میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں وائس پریذیڈنٹ پاکستان کبڈی فیڈریشن رمضان گھمن، کینڈین کبڈی ٹیم کے انچارج سنتوک سنگھ مڈیر، بھارتی کبڈی ٹیم کے آفیشل ہیمراج، بھارتی کھلاڑی شیرا سنگھ گجر اور جنرل سیکرٹری کبڈی فیڈریشن انڈیا گردیب سنگھ نے شرکت کی، جبکہ شفیق جٹ، تنویر جٹ، عمیر اعوان، عاطف خان، آصف جٹ، مظہر گجر، خرم شاہ، عرفان شاہ اور صفیان گجر سمیت دیگر شریک ہوئے، اس موقع پر مہمانوں کا ڈھول کی تھاپ پر بھرپور انداز سے استقبال کیا گیا اور مٹھائی کھلائی گئی۔
خرم ریاض گجر کا کہنا تھا کہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کو دوبارہ فروغ ملنا شروع ہوگیا ہےبھارتی و کینڈین کبڈی آفیشلز اور کھلاڑیوں نے کہا کہ لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے، یہاں آکر کبھی محسوس نہیں ہوا کہ ہم کسی دوسرے ملک میں ہیں۔
تقریب کے اختتام پر بھارتی کبڈی آفیشلز کی جانب سے خرم ریاض گجر کو شیلڈ کا تحفہ بھی دیا گیا۔
یاد رہے پاکستان کےتین بڑے شہروں میں کبڈی کا عالمی کپ جاری ہے،ان عالمی مقابلوں میں 9 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ان ممالک میں پاکستان، بھارت، کینیڈا،انگلینڈ،جرمنی،ایران،افغانستان اور دیگر شامل ہیں۔گزشتہ روز ہونیوالے مقابلوں میں دلچسپ کھیل کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ دوسرے روز بھارت ، ایران اور آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کرلی، ایران نے مسلسل دوسرا میچ جیت کر سیمی فائنل کی راہ ہموار کرلی تو کینیڈا کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔