( درنایاب ) جدید ویسٹ مینجمنٹ کو تیسری سے ساتویں جماعت کے نصاب میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔
طلباء کو کوڑے کے اتلاف اور صاف ماحول سے متعلق آگاہی دینے کیلئے مستقبل کی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ویسٹ کو ماحول دوست طریقے سے تلف کرنے کے سا تھ ساتھ دوبارہ کار آمد بنانے سے متعلق آگاہی مواد پر مشتمل معلومات کو تیسری جماعت سے لے کر دسویں جماعت تک نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں منیجنگ ڈائریکٹر ایل ڈبلیو ایم سی خالد نذیر وٹو نے صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس سے خصوصی ملاقات کی، جبکہ دونوں محکموں کے جانب سے فوکل پرسن مقرر کر دیے گئے ہیں جو جلد اپنی سفارشات مرتب کرکے سربراہان کو جمع کرادیں گے، جس کے بعد ان سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے جدید ویسٹ مینجمنٹ کی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ ویسٹ مینجمنٹ کے باب تعلیمی نصاب میں شامل کرنا اہم قدم ہے تاکہ بچوں کو سکول کی سطح پر ہی آگاہی دی جاسکے اور مستقبل میں وہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔