سٹی42: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف 2 کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پرسکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے اور پاکستان آرمی کے نائیک محمد امین کے دہشتگردوں کے ساتھ تصادم میں شہید ہونے پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان آپریشنز پر اپنے ردعمل میں کہا لانس نائیک محمد امین نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ وہ خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔ محسن نقوی نے لانس نائیک محمد امین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ شہید لانس نائیک محمد امین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے اپنے ردعمل میں مزید کہا، 7 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھرخوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے 7 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور ناپاک ارادوں کو خاک ملایا۔
محسن نقوی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی بقا کی اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے تک پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔