سٹی42: کابل میں بم کے دھماکے میں طالبان حکومت کا وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی مارا گیا۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کے روز بم کے دھماکے سے طالبان حکومت کا وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی مارا گیا۔
خلیل الرحمان حقانی کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے تھا اور وہ جلال الدین حقانی کا بھائی تھا۔
طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانع نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا وزارت مہاجرین کی عمارت کے اندر ہوا جس میں خلیل الرحمان حقانی سمیت متعدد افراد مارے گئے۔
خلیل الرحمان حقانی طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا اور حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے، جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی نے بھی خلیل الرحمان حقانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
اس بم حملے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ 2021 میں افغان طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد خلیل الرحمان حقانی کو وزیر بنایا گیا تھا۔