ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار بوبی دیول نے سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ' اینیمل' میں ولن کا کردار ادا کیا، جس نے اُن کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا اس فلم میں جو خاص بات مداحوں اور آڈینس کے گرد گھوم رہی ہے وہ ہے اداکار کا ’جمال کڈو ‘ گانے پر انوکھا ڈانس جو کافی پسند کیا گیا۔
بھارتی اخبار کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں بوبی دیول نےاس گانے کے وائرل اسٹیپ کی کہانی شیئر کی، اداکار نے کہا کہ 'مجھے اب بھی یاد ہے جب میں فلم کے اس حصے کی شوٹنگ کر رہا تھا تو سندیپ نے مجھے یہ منظر سنایا اور اس نے کہا کہ 'یہ تمہاری شادی ہے اور تمہیں ناچنا ہے۔'
میں نے کہا کہ 'میں کوریوگرافر کے ساتھ ڈانس نہیں کر سکتا' اور میں نے اپنے حساب سے ڈانس کرنا شروع کر دیا، انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ میرا کردار بوبی دیول جیسا نظر آئے، میں چاہتا ہوں کہ ابرار جیسا نظر آئے۔
بوبی دیول نےکہا کہ میں سوربھ سچدیوا کے پاس گیا، وہ اداکار جس نے فلم میں میرے بھائی کا کردار ادا کیا تھا، میں نے اس سے پوچھا، 'تم کیسے رقص کرو گے؟' اور اس نے ناچنا شروع کر دیا اور اچانک مجھے نہیں معلوم کہ مجھے کیا ہو گیا، اور مجھے اپنی زندگی کے ہر دور کی یادیں آنے لگیں'۔
جمال کڈو کے وائرل ڈانس اسٹیپ کے لیے ان کی موٹیویشن ان کے بچپن میں پنجاب کے سفر سے ملی، بوبی دیول نے بتایا کہ 'میں بچپن میں گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں میں پنجاب جایا کرتا تھا۔ رات کو مرد شراب پیتے تھے اور اچانک ایک میوزک بجتا تھا اور وہ گلاس اور بوتلیں سر پر رکھ کر اس پر ناچتے تھے تو میں نے ٹھان لی کہ مجھے ایسا ڈانس کرنا ہے۔
بوبی دیول نے کہا کہ 'مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میرا رقص کا انداز اتنا مقبول ہو جائے گا، میں نے بس گلاس اپنے سر پر رکھا اور ناچنا شروع کر دیا، اگلی چیز جو مجھے معلوم ہوئی وہ یہ کہ وہ وائرل ہوگیا ، یہ حیرت انگیز ہے'۔