شام میں پھنسے400 پاکستانی لبنانی سرحد پرپہنچ گئے

11 Dec, 2024 | 09:32 AM

 (ویب ڈیسک)شام میں پھنسے پاکستانی انخلا کیلئے لبنان کی سرحد تک پہنچ گئے،تاہم ان کی وطن واپسی کیلئے خصوصی پرواز کا انتظام نہ ہوسکا۔

 سفارتی ذرائع کے مطابق شام میں پھنسے پاکستانیوں کا انخلا شروع کردیا گیا ہےاور 400 کے قریب پاکستانی لبنان کی سرحد پر پہنچ گئے ہیں،انہیں بیروت سے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق شام میں پھنسے پاکستانیوں کی بیروت سے پاکستان منتقلی کیلئے تاحال خصوصی پرواز  کا انتظام نہیں ہو سکا ہے،تاہم کل یا پرسوں تک یہ اہتمام کیا جاسکتا ہے۔

 دوسری طرف وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شام سے ڈھائی سو زائرین اور تین سو دیگر پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے انتظامات کیے جا رہے ہیں، لبنان کے وزیراعظم سے کل بات ہوئی تھی، لبنانی وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے پاس ویزے ہوں یا نہ ہوں، بیروت کے رفیق الحریری ائیرپورٹ سے ان کی وطن واپسی میں ہر سہولت دی جائے گی۔

 اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی کاکہناہے کہ 170 سے 180 زائرین کو شام سے لبنان روانہ کیا جاچکا ہے، وزیر اعظم کے لبنانی وزیراعظم کے رابطے کے بعد سے لبنانی حکومت سرحد پر ہی ویزا فراہم کر رہی ہے، ان افراد کو بسوں کے ذریعے بیروت بھیجا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں