سٹی42: گزشتہ رات اسرائیلی بحریہ نے شام میں سابق بشار الاسد حکومت کے بحری بیڑے کو تباہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ اسرائیل کی فوج نے شام کے اندر مجموعی طور پر چار سو سے زیادہ تنصیبات پر حملے کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
اسرائیل کے فوجی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی بحریہ کی میزائل کشتیوں کی جانب سے شام کے ساحل پر واقع منیٹ البیدا خلیج اور لطاکیہ بندرگاہ پر کیے گئے حملوں میں سمندر سے سمندر تک مار کرنے والے میزائلوں سے لیس شامی بحریہ کے متعدد جہاز تباہ ہو گئے۔
آئی ڈی ایف کے دعوے کے مطابق یہ حملے اسد حکومت کے خاتمے کے بعد شامی بحریہ کی صلاحیتوں اور ہتھیاروں کو دشمن قوتوں کے ہاتھ میں جانے سے روکنے کے لیے کیے گئے ۔
دریں اثنا، اسرائیلی فضائیہ نے شام میں حکومت کے خاتمے کے بعد سے تقریباً چار سو فضائی حملے کیے ہیں، جن میں جدید ہتھیاروں اور دیگر صلاحیتوں کو تباہ کیا گیا ہے جنہیں اسرائیل دشمن قوتوں تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کرتا ہے۔