وقاص عظیم: امریکہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا امور الزبتھ ہورسٹ نے نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ہے۔
وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے الزبتھ ہورسٹ اور ان کے وفد کا اپنے دفتر میں پرتپاک خیر مقدم کیا ۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے ملاقات کے لئے آنے والے وفد کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی، وسیع البنیاد اور کثیر جہتی تعلقات ہیں۔
انہوں نے وفد کو نگراں حکومت کی آسٹیریٹی پالیسیوں اور اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے بشمول SOEs، نجکاری اور ایف بی آر میں اصلاحات کے متعلق آگاہ کیا
نگران وفاقی وزیر نے امریکی وفد کو ایف بی آر کی تنظیم نو کے بارے میں بھی بتایا، ان کا کہنا ہتھا کہ ان اصلاحات سے معیشت کی دستاویزیت اور ڈیجیٹلائزیشن کو مزید موثر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
شمشاد اختر نے بتایا کہ ہم حال ہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے قرض پروگرام کا پہلا جائزہ کامیابی سے مکمل کروانے میں کامیاب رہے ہیں۔
الزبتھ ہورسٹ نے امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے حکومت پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں گے ۔