وزیراعلیٰ پنجاب نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی ازسرنو تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

11 Dec, 2023 | 02:49 PM

This browser does not support the video element.

علی رامے : وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےلیڈی ولنگڈن ہسپتال کی ازسرنوتعمیرکےمنصوبےکاسنگ بنیادرکھ دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیرنو کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے ہسپتال کی تعمیر ہماری پالیسی نہیں تھی،موجودہ ہسپتالوں کو ٹھیک کرنا چاہتے تھے۔یہ نیا ہسپتال نہیں بلکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی خستہ حال بلڈنگ گرا کر عمارت بنا رہے ہیں۔ 20سال سے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے بیسمنٹ میں پانی کھڑا تھا اور بلڈنگ کریک ہو چکی تھی۔ مخدوش بلڈنگ پر پیسے لگانا فنڈز کے ضیاع کے مترادف ہے، سب نے مل کرنئی عمارت بنانے کا فیصلہ کیا۔ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی خطرناک حالت سے جانی نقصان کا ڈر تھا۔ دیرپا اور بہتر حل کیلئے پرانی بلڈنگ گرا کرسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت بنارہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو میں ایف ڈبلیو او اور آئی ڈی اے پی کا مرکزی کردار ہے۔ آئی ڈی اے پی پر پورا پنجاب فخر کر سکتا ہے،ان کی بنائی ہوئی عمارتوں کی فنشنگ غیرملکی ماہرین کا کام لگتا ہے۔ ایف ڈبلیو او اور حکومت پنجاب کا اشتراک کار دن بدن بڑھ رہا ہے۔ راولپنڈی رنگ روڈ،ایس ایل تھری اور گوجرانوالہ ایکسپریس وے پر ایف ڈبلیو اوبہتر کام کررہا ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کررہا،جہاں کنسلٹنٹ کہتا ہے پہلا ختم کرکے دوبارہ کام شروع کر دیا جاتا ہے۔ مدت تکمیل پر جھگڑا چلتا رہے گالیکن تعمیراتی معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ امید ہے ایف ڈبلیو او،محکمہ صحت اور آئی ڈی اے پی یہ پراجیکٹ جلد مکمل کروائیں گے۔  5سے6ماہ میں ایکسپریس وے اور ایس ایل تھری کی تعمیر ناممکن لگتی تھی لیکن جنوری میں یہ دونوں مکمل ہو جائیں گے۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کنگ ایڈورڈکا ہسپتال ہے جو کہ پاکستان کا بہترین ادارہ ہے۔ کے ای کی تمام خراب چیزیں تبدیل ہو چکی ہیں،ایک بھی پرانی چیز نہیں،اب پرانے نہ موجودہ ڈاکٹر ز کوئی شکوہ نہیں کر سکتا۔ ڈھائی لاکھ مربع فٹ پر 230بیڈ کاسٹیٹ آف دی آرٹ لیڈی ولنگڈن ہسپتال بنے گا۔ نیا لیڈی ولنگڈن ہسپتال بننے سے لاہور کی خوبصورتی بھی بڑھے گی۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کے لئے جو ممکن ہے کررہے ہیں،سی اینڈ ڈبلیو نیک نیتی سے اپ گریڈیشن کررہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 100ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ٹارگٹ ڈیٹ پر مکمل کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔ جو بھی سہولت چاہیں گے ہم ہسپتالوں کو دیں گے،ڈاکٹرز کو فکس کرنے کی بجائے اپنی کوتاہیاں سدھار رہے ہیں۔ ہیلتھ میں اس وقت تک بہتری نہیں آئے گی جب تک ڈاکٹر حق حلال کی کماناشروع نہیں کرتے۔  6گھنٹے ڈیوٹی کی بجائے دو تین گھنٹے کام کرنا حق حلال نہیں ہو سکتا۔ آپ کام نہ کریں گے اور تنخواہ لے لیں یہ کسی صورت میں حق حلال نہیں۔ جہاں لوگوں کی خدمت کرنا عبادت ہو وہاں ڈنڈی نہیں ماری جا سکتی۔  اتار چڑھاؤ آتا جاتا ہے اس کا مطلب یہ نہیں کہ حرام کمائی شروع کر دیں۔ اللہ تعالی ہم سب کو رزق حلال کمانے کی توفیق دے۔ڈاکٹرز، سیکرٹریز اور دوسرے لوگ اپنااپنا کام کریں۔ دوسروں کے کام کا ٹھیکیدار نہیں بنیں گے تو سب ٹھیک ہو جائے گا،بس اپنا کام پورااور فرض ادا کریں۔ ایف ڈبلیو او اور آئی ڈی اے پی اس پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کریں۔ جب تک وقت ہے لیڈی ولنگڈن پراجیکٹ کے وزٹ کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں