ویب ڈیسک: پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر اپنے خفیہ اکاوْنٹ کا انکشاف کیا ہے جوکہ اُنہوں نے کسی اور نام سے بنایا ہوا ہے۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے سوشل میڈیا ٹرولنگ، خفیہ اکاوْنٹ اور گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ اپنے ماضی کے تعلقات کے بارے میں بات کی۔
احمد علی بٹ نے ہانیہ عامر سے سوال کیا کہ “ماضی میں آپ نے اپنے تعلقات کو بہت زیادہ پبلک کیا، کیا آپ کو نہیں لگتا کہ آپ نے خود لوگوں کو تنقید کا موقع دیا؟”
اس سوال پر ہانیہ عامر نے گلوکار عاصم اظہر کا نام لیے بغیر کہا کہ “میرے ماضی کے لمحات بہت اچھے تھے، میں نے بہت انجوائے کیا لیکن اس تعلق میں کچھ مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا، مشکل وقت بھی دیکھا لیکن میں ماضی کو تبدیل نہیں کرسکتی”۔ہانیہ عامر نے کہا کہ “ماضی میں بہت زیادہ خوش تھی، ہر کام دل سے کرتی تھی، اُس وقت عقل بھی کم تھی لیکن اب سمجھدار ہوگئی ہوں، اب لوگوں کے حساب سے چلتی ہوں”۔
اسی دوران ہانیہ عامر نے اپنے خفیہ اکاوْنٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے سوشل میڈیا پر جعلی نام سے خفیہ اکاوْنٹ بھی بنایا ہوا ہے، اُس اکاوْنٹ پر میرے مداحوں نے بھی مجھے فالو کیا ہوا ہے”۔
ہانیہ عامر نے کہا کہ “میں پہلے اپنے خفیہ اکاوْنٹ پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتی ہوں، اُس کے بعد مداحوں سے مشورہ لینے کے بعد اپنے آفیشل اکاوْنٹ پر تصویر یا ویڈیو اپلوڈ کرتی ہوں”۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے کہا کہ “میں صارفین کی تنقید پر توجہ نہیں دیتی، صرف اپنے دوستوں اور فیملی پر توجہ دیتی ہوں لیکن ماضی میں ہونے والے کچھ تنازعات نے میری ذہنی صحت پر گہرا اثر ڈالا”َ۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “ماضی کے تنازعات کی وجہ سے جہاں مجھے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو وہیں اس تنقید نے مجھے پہلے سے بہتر انسان بھی بنایا”۔
واضح رہے کہ ماضی میں ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے درمیان گہرے تعلقات قائم تھے، بعد میں اس جوڑی کا بریک اَپ ہوگیا تھا جس کے بعد عاصم اظہر نے اداکارہ میرب علی سے منگنی کرلی تھی۔