علی رامے: وزیر اعلی محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کے 34ویں اجلاس میں چنگ چی رکشہ کو قانونی حیثیت دینے کے لئے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
منظور کردہ ترامیم کے مطابق چنگ چی / موٹر سائیکل رکشہ کو تھری ویلر کے طورپر رجسٹر کیاجائے گا۔ موجودہ موٹرسائیکل رکشہ کی عارضی رجسٹریشن کے لئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو سپیشل رجسٹریشن اتھارٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ عارضی رجسٹریشن کے بعد موٹر سائیکل رکشے کووضع کردہ سائز او رڈیزائن کے مطابق تبدیلی کے لئے 4ماہ دئیے جائیں گے، 4ماہ کے بعد موٹرسائیکل رکشہ فٹنس سر ٹیفکیٹ ملنے کے بعد ایکسائز سے رجسٹریشن نمبر حاصل کرسکے گا۔ اجلاس میں موٹرسائیکل رکشے کی رجسٹریشن کا عمل آسان تر اور فارم اردو میں شائع کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
18 سڑکوں کا ٹول ٹیکس ان ہی سڑکوں پر دوبارہ خرچ کرنے کا قانون
اجلاس میں پنجاب میں تعمیر ہونے والی 18 بڑی روڈز انفرسٹرکچر کو مستقل طورپر محفوظ بنانے کی منظوری دے دی گئی، 18 بڑی روڈز سے حاصل ہونے والے ٹول ٹیکس کو متعلقہ سڑک کی تعمیر ومرمت پر ہی خرچ کیاجاسکے گا۔ پنجاب کابینہ نے 18بڑی روڈز کے ٹول کی رنگ فنسنگ کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2003کے تحت میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ دینے کی منظوری دے دی گئی۔ ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی مینجمنٹ کے لئے انتظامی کمیٹی کی منظوری، رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ میں نرسنگ کالج کے قیام کے لئے ضروری اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں داتا دربار کی تعمیر و مرمت اور توسیع کے پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی، ساتھ ہی پولیس رولز کی ذیلی شقوں میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ مینجمنٹ پے سکیلز 2023 کو وفاقی حکومت کے برابر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی وزراء، مشیران،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔