غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ، مزید 297 سےزائد فلسطینی شہید

11 Dec, 2023 | 09:18 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک) غزہ پر صیہونی حملے جاری، ایک روز میں 297 سےزائد فلسطینوں کوشہید کردیا گیا جس کے بعداسرائیلی بربریت سے شہید ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار سے زائد ہو گئی ہے ۔

غزہ پر میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونیوالوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے جبکہ حملوں میں 48 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

اسرائیل نے جارحانہ کارروائیوں میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑادیں ، سکول ،ہسپتال، رہائشی عمارتیں ، عبادت گاہیں سب کچھ ملیا میٹ کردیا ، خان یونس، رفاح ، جبالیہ اور دیگر علاقوں پر حملوں میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس سے فلسطینیوں کے جبری انخلا کے منصوبے کے تحت علاقہ خالی کرنے کی دھمکی دیدی۔

اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر زاکی ہنیگبی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج کی تازہ کارروائیوں میں اہم کامیابیاں ملی ہیں، اسرائیلی افواج نے 7 ہزار سے زائد حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں 23 لاکھ سے زائد فلسطینی پہلے ہی بے گھر اور جنگ زدہ شہر میں کئی مرتبہ ایک جگہ سے دوسری جگہ پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران مزید متعدد فوجی مارے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک اسرائیلی وزیرکا بیٹا اور ایک اس کا بھتیجا بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں اپنے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے، جس سے پٹی میں زمینی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک فوج کی ہلاکتوں کی کل تعداد 97 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے الزیتون محلے میں ایک عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں اسرائیلی فوجی چھپے ہوئے تھے۔ اس حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

ادھر امریکا کے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنےکےاقدام کو یو اے ای، چین، فلسطین، برازیل ، روس اور ترکیہ نے مذمت کی ہے ، چینی سفیر نے بیان میں کہا کہ ثابت ہو گیا کہ امریکا غزہ میں لڑائی جاری رکھنے کا خواہشمند ہے، اقوام متحدہ میں برازیلین سفیر نے ردعمل میں کہا کہ ویٹو سےدوریاستی حل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ، روس نےبھی غزہ جنگ کو امریکا کی جیو پولیٹیکل گیم قرار دے دیا۔

مزیدخبریں