48 گھنٹوں میں44 ٹینک تباہ، حماس نے اسرائیلی فوج پر حملوں کی نئی ویڈیو جاری کردی

11 Dec, 2023 | 01:43 AM

سٹی42: حماس نے غزہ میں اسرائیلی فوج پر حملوں کی نئی ویڈیو جاری کردی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق حماس کے ترجمان ابو عبیدہ نے دعویٰ کیا کہ  گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے 44 ٹینکوں اور  فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا گیا، ان حملوں میں 40 اسرائیلی فوجی ہلاک  اور  درجنوں زخمی ہوئے۔  اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے اب تک اپنے 420 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

اس مختصر ویڈیو میں حماس کے جنگجوؤں کو نامعلوم علاقہ میں عمارتوں کی بالائی منزلوں سے نیچے موجود افراد پر فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے جبکہ ان منظر میں عمارت کی بالائی منزل سے دھماکہ خیب مواد پھینک کر زمین پر موجود ایک گاڑی یا ٹینک کو تباہ کرتے دکھایا گیا ہے۔

 دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ میں 2 ہزار سے زیادہ فوجیوں کے معذور ہونےکی تصدیق کی ہے۔
  اسرائیل کے ایک اخبار کے مطابق محکمہ دفاع نے 2 ہزار سے زیادہ فوجیوں کے معذور ہونےکی تصدیق کی ہے، مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 58 فیصد سے زائد شدید زخمی ہیں۔

اسرائیل کی وزارت دفاع کی سربراہ نے اخبار کو بتایا کہ ہمیں اس سے قبل اس طرح کی صورت حال کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا، زخمی فوجیوں کے ہاتھوں اور ٹانگوں میں شدید زخم آئے ہیں اور بہت سے ایسے ہیں جن کے ہاتھ اور پاؤں کاٹنے پڑے۔

رپورٹ کے مطابق 12 فیصد زخمی ایسے ہیں جنہیں شدید اندرونی زخم آئے ہیں۔

اسرائیل کی وزارت دفاع کے حکام نے اخبار کو بتایا کہ7 فیصد فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور ہمیں اندازہ ہےکہ ایسے فوجیوں کی تعداد میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزیدخبریں