شاہد ندیم سپرا: حکومت نے مزار اقبال اور بادشاہی مسجد آنے والوں کے لئے پچاس روپے ٹکٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا، روشنائی گیٹ سے داخل ہونیوالوں کو ٹکٹ لینا ہوگا جبکہ شاہی قلعہ داخلے پر دوہری ٹکٹ لینا ہو گی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے بارہ سال بعد روشنائی گیٹ کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے، بارہ سال قبل سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے روشنائی گیٹ کو مکمل طور پر بند کیا گیا تھا، ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں پچاس روپے ٹکٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے ٹکٹ لگانے اور روشنائی گیٹ کھولنے کی اجازت دی، دونوں مقامات پر آنے والوں کو پچاس روپے فی کس ٹکٹ والڈ سٹی اتھارٹی وصول کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل مزار اقبال اور بادشاہی آنے والوں سے ٹکٹ وصول نہیں کیا جاتا تاہم روشنائی گیٹ سے داخل ہوکر بادشاہی مسجد، مینار پاکستان اور مزار اقبال جانیوالوں کو ٹکٹ لینا ہو گا، اس طرح شاہی قلعہ کا داخلہ دو دفعہ ٹکٹ لینے سے ممکن ہو سکے گا۔
ادھر محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب ٹکٹ لگانے کے معاملے پر لاعلم نکلا ہے، مزار اقبال اور بادشاہی مسجد کے انتظامی امور محکمہ اوقاف پنجاب کے سپرد ہیں تاہم محکمہ اوقاف کے نمائندگان کی غیر موجودگی میں ٹکٹ لگانے کی منظوری دی گئی۔