شہزاد خان ابدالی : بچوں کومستقل معذوری سے بچانے کا مشن لیے ضلعی انتظامیہ نے 5 روزہ انسدادپولیو مہم کا آغاز کردیا ۔ڈپٹی کمشنرلاہور محمد عمر شیر چھٹہ نے گلوکار وارث بیگ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ میاں میر ہسپتال میں پولیو مہم کا آغاز کیا ۔
شہر لاہور کو پولیو سے پاک رکھنے کا عزم , ڈپٹی کمشنر لاہور محمد عمر شیر چھٹہ نے میاں ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر انسدادپولیو مہم کا آغاز کردیا ۔گلوکار وارث بیگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس کاٹھیا اور دیگر افسران بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے ۔پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 13 دسمبر سے ہوگا جو 17 دسمبر تک جاری رہے گی ۔
5 روزہ پولیو مہم کے دوران 18 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے 6892 ٹیمیں جن میں 193 ٹرانزٹ،373 فکسڈ،272یوسی ایم اوز ،1198 ایریا مینجرز پولیو مہم میں حصہ لیں گے۔گلوکار وارث بیگ نے لاہوری والدین سے ننھے اطفال کو پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کی ۔
ڈی سی لاہور محمد عمر شیر چھٹہ نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے ۔غفلت کیصورت میں کاروائی کی جائے گی۔