چینی کے بعد ایک اور بحران نے سر اٹھا لیا

11 Dec, 2020 | 10:52 PM

Arslan Sheikh

( نبیل ملک ) شہر میں چینی کی کمی دور ہوئی تو آٹے اور دال ماش کے بحران نے سر اٹھا لیا، لاہور کے چھوٹے بڑے یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا اور دال ماش سرے سے ہی غائب، اشیاء کی قلت پر لاہوریوں نے حکومت سے سٹاک پورے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کے گوداموں میں سستا آٹا موجود ہے لیکن یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے گوداموں سے یوٹیلیٹی سٹورز تک آٹا سپلائی کرنے کے طریقہ کار میں خامیاں ہیں۔ اس وجہ سے آٹا کی کمی ہے، مناسب حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا دو سے تین دن بعد پہنچایا جانے لگا ہے۔

دن بھر آٹا خریدنے کے لئے پہنچنے والے لاہوریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، بار بار چکر لگانے پر بھی لاہوریوں کو آٹا میسر نہیں،لاہوریئے یوٹیلیٹی سٹورز کی بجائے اوپن مارکیٹ سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کا ریٹ 800 روپے مقرر ہے۔ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے۔

یوٹیلیٹی سٹورز پر دال ماش کے سٹاکس بھی کئی دن پہلے سے ختم ہو گئے ہیں۔ گوشت کی جگہ سستی دال خریدنے والے لاہوریوں کو بھی دال ماش نہ ملنے پر سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں