بسام سلطان: ڈاکٹر عاصم یوسف نے شوکت خانم ہسپتال لاہور میں پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کراچی کی تعمیر 13 ارب روپے کی لاگت سے تین سال سے کم عرصے میں مکمل ہو جائے گی اور یہ پاکستان کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال ہو گا، 75 فیصد افراد کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا، تکمیل کے لئے مخیر حضرات اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔
پاکستان کے تیسرے اور سب سے بڑے شوکت خانم کینسر ہسپتال کراچی کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، کراچی ہسپتال منصوبہ 13ارب روپے کی لاگت سے تین سال سے کم عرصے میں مکمل ہونے کی توقع ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے شوکت خانم ہسپتال لاہور میں میڈیا بریفنگ دی.
ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے میڈیا کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ یہ ہسپتال بیس ایکڑ اراضی پر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے اندر واقع ہوگا اور اس ہسپتال میں افتتاح کے وقت ہی سے تمام کلینکل شعبہ جات فعال اور جدید ترین ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی۔
ہسپتال کی عمارت دس لاکھ مربع فٹ پر تعمیر کی جائے گی اور اس لحاظ سے یہ ہمارے لاہور کے ہسپتال سے تقریباً د وگنا بڑا ہو گا۔ کراچی ہسپتال میں بیرونی مریضوں کے معائنے کے سینتالیس کمرے انہتربستروں پر مشتمل کیموتھراپی کی سہولت، تقریباً تین سو بستروں پر مشتمل ان پیشنٹ کی سہولت، سولہ آپریشن تھیٹر، اور انتہائی نگہداشت کی خدمات کے چوبیس کمرے موجود ہوں گے۔
ڈاکٹر عاصم یوسف کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اورریسرچ سنٹرکی تعمیر سے کینسر کے علاج کے لئے ملک کی مجموعی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور ہر سال مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہو گی.