(جنید ریاض)پی ایم آئی یو نے صوبہ بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز کو سمارٹ سلیبس کے مطابق طلباء کو دسمبر کا ہوم ورک جاری کرنے کی ہدایت کردی۔دوسری جانب سکول شماری کا کام 499 سکول سربراہان کی نااہلی کے باعث تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ نے اتھارٹیز کو سمارٹ سلیبس کے مطابق طلباء کو دسمبر کا ہوم ورک جاری کرنے کی ہدایت کی ہے، پی ایم آئی یو کے مطابق سلیبس اکیڈمک کلینڈر 2020 کے مطابق تیار کیا جائے گا، طلباء کو تیاری اسباق کی منصوبہ بندی کے تحت کروائی جائے گی، اسباق کی منصوبہ بندی کے حوالے سے لیکچرز آن لائن اور بذریعہ سی ڈی فراہم کیے جائیں گے، تمام اساتذہ بچوں کا ہوم ورک سکول سربراہان کو دکھانے کے پابند ہوں گے۔
دوسری طرف سکول شماری کا کام 499 سکول سربراہان کی نااہلی کے باعث تاحال مکمل نہیں ہوسکا، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مذکورہ سکول سربراہان کو 14دسمبر تک شماری کا ڈیٹا مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔صوبہ بھر کے چار سو ننانوے سکولوں نے محکمہ تعلیم کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا، سکول سربراہان کی نااہلی کے باعث تاحال سکول شماری کا ڈیٹا مکمل نہیں ہوسکا۔
سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کے باعث سکولوں میں ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کے لیے اساتذہ دستیاب نہیں، یادرہے کہ سکول شماری کو 31 اکتوبر کو مکمل کیا جانا تھا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے ڈیٹا آپ لوڈ کرنے کی ایک اور ڈیڈ لائن دے دی ہے، سکول ایجوکیشن کے مطابق مذکورہ سکول چودہ دسمبرتک ڈیٹا اپ لوڈ کریں گے، مقررہ تاریخ تک ڈیٹا اپ لوڈ نہ ہونے پر متعلقہ سکولز کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔