پنجاب حکومت کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کیلئے سرگرم

11 Dec, 2020 | 11:40 AM

Sughra Afzal

(قذافی بٹ) پنجاب حکومت کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کیلئے سرگرم ہوگئی، حکومت نے پروگرام میں سست روی اور سکیم پر عملدرآمد نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے اجلاس میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی کالونائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں کورونا وبا کے پیش نظر سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں کالونائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لئے پلاٹ الاٹیز کیلئے مراعاتی پیکج دینے پر غور کیا گیا جبکہ ڈائریکٹر بورڈ ریاض حمید چوہدری کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی جو سفارشات مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کر ے گی۔

 اس موقع پر وزیر اعلیٰ خود روز گار سکیم کے امور، پنجاب روزگار سکیم اور کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، فنانشل سپورٹ فارکاٹیج انڈسٹری اینڈ کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت نئے اضلاع شامل کرنے اور نئے کلسٹر بنانے کی منظوری دی گئی جبکہ محکمانہ اپیلوں کا معاملہ ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت کے سپرد کیا گیا. صوبائی وزیراسلم اقبال نے کہا کہ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے ہی غربت اور بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں