جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی: عمران خان

11 Dec, 2020 | 09:41 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی، عوام کی جانیں خطرے میں نہ ڈالیں، کورونا کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ہے، مخالفین احتجاج دو یا تین ماہ موخر کردیں۔ 

انہوں نے کورونا کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ جلسے، جلوس کرنے والے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، کورونا کی حالیہ صورتحال کا بحیثیت قوم مقابلہ کرنا ہے، بڑھتی سردی کے ساتھ کورونا کے زیادہ پھیلنے کا خدشہ ہے، پہلی لہر کے دوران قوم نے مل کر ایس او پیز کو فالو کیا تو اللہ نے کرم کیا، بھارت اور ایران میں کورونا سے بہت برے حالات ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بچایا ہوا ہے، ہم سب کو ایس او پیز کو فالو کرنا چاہیے.

انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں سے مجھے نہیں فرق پڑے گا، آپ لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، انگلینڈ اور امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دوبارہ لاک ڈاؤن ہو گیا ہے،ہم نے تو اپنے دیہاڑی دار طبقے کو بچایا تھا،انہوں نے مخالفین سے کہا کہ وہ اپنے جلسے اور جلوسوں کا شیڈول دو، تین ماہ بعد کر لیں ، شادی ہالز، سکولز اور ریسٹورنٹس کو کورونا کی وجہ سے ہی بند کیا گیا ہے، یہی لوگ پھر ہمیں کہتے ہیں کہ ایک طرف آپ پابندیاں لگا رہے ہیں تو دوسری طرف جلسے ہو رہے ہیں.

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک پہننے سے وائرس سے بچا جا سکتا ہے،یہ وقت ہے کہ قوم مل کر احتیاط کرے، سب سے بڑا ایس او پی ماسک پہنا جائے، پورے پاکستان میں 40 فیصد بیڈز مریضوں سے بھر چکے ہیں،اگر یہی حال رہا تو پھر ہسپتال بھر جائیں گے، لوگوں کے زیادہ جمع ہونے سے کورونا پھیلتا ہے، اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرم بھارتی حکومت کا نوٹس لے جو عالمی نظام کے استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہے، یورپی یونین کے DISINFO گروپ کی طرف سے مذموم سرگرمیوں کے بڑے بھارتی گر وپ کے انکشاف سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہوتی ہے، بھارت جعلی خبررساں اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذریعے شدت پسندی کی فنڈنگ اور اس کو بیرون ملک ترغیب دے رہا ہے۔

مزیدخبریں