اقوام متحدہ میں پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی

11 Dec, 2020 | 10:33 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42: اقوام متحدہ میں پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی  ۔ جنرل اسمبلی نے امن کے  قیام اور تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ 4 قراردادیں اکثریت رائے سے منظور کر لیں۔

  

  

 عالمی برادری پاکستان کی امن وسلامتی کی کوششوں کا  اعتراف بین الاقوامی سطح پر کرنے لگی۔ جنرل اسمبلی  کی تخفیف اسلحہ کمیٹی  کے 193ممبران نے پاکستان کی قراردادوں کی حمایت   کی۔ ان 4 قراردادوں میں سے 3 علاقائی تخفیف اسلحہ، علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر روایتی اسلحے کی روک تھام کے حوالے سے تھیں جبکہ چوتھی قرارداد غیرجوہری ریاستوں کیلئے امن و سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق تھی۔

  

 پاکستان کی جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق قرارداد کی حمایت میں  125 جبکہ مخالفت میں کوئی بھی ووٹ نہیں پڑا ،تاہم 62 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔روایتی اسلحہ کے کنٹرول  سے متعلق قرار داد کی حمایت میں 183 ووٹ پڑےجبکہ اس قرارداد کی مخالفت صرف بھارت نے کی جبکہ 4 ممالک نے کوئی رائے نہیں دی۔اسی طرح باقی 2قراردادوں کو بھی اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔

 سفارتی عملہ کا کہنا تھا کہ علاقائی سطح پر اس حوالے سے اقدامات سے تخفیف اسلحہ اور اسلحہ پر کنٹرول کی کوششوں اور ان پر عملدرآمد کو تقویت ملے گی۔ جنرل اسمبلی اس بات کو طویل عرصے سے تسلیم کرتی ہے کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کا انحصار علاقائی اور ذیلی علاقائی استحکام پر منحصر ہے۔علاقائی سطح پر  اقدامات سے اسلحہ پر کنٹرول کی کوششوں اور ان پر عملدرآمد کو تقویت ملے گی۔

مزیدخبریں