(جنید ریاض)شہر میں آج پھر بادل برسیں گے، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی، جبکہ فضائی آلودگی برقرار رہنے سے ائیر کوالٹی انڈیکس 254 تک ریکارڈ کیا گیا۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسم ابر آلود رہنے سے درجہ حرارت مزید کم ہوگا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح صبح کے وقت ہوا نمی کا تناسب 93 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کل موسم جزوی طور پر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ دھند پڑنے کا بھی امکان ہے، جبکہ فضا میں آلودگی پھر سے بڑھ گئی، آج شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس 254 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے،خطہ پوٹھوہار، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا، جھنگ اورٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش متوقع ہے، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر ، بھکر، لیہ، ملتان اورڈی جی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سردرہے گا، سکھر، لاڑکانہ اورجیکب آباد میں ہلکی بارش کاامکان ہے، خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ مختلف علاقوں دیر، چترال، بونیر، سوات، مانسہرہ ،ایبٹ آباد، شانگلہ اور کوہستان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی۔
ہری پور، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان میں بارشاور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے اور بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے،کوئٹہ ، ژوب، قلات، خضدار، زیارت، سبی،نصیر آباداور بارکھان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی۔
موسی خیل، چمن، پشین اورقلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے،گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اوربرفباری جبکہ کشمیرمیں بھی صورت حال ایسی ہی ہو گی۔