(قذافی بٹ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے کیمبرج یونیورسٹی میں ٹاپ کرنے والی پاکستانی طالبہ ماہین مسعود اور دیگر ریکارڈ ہولڈر طلبا کی ملاقات، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نوجوان قابلیت اور اہلیت کے اعتبار سے کسی دوسرے ممالک کے طلبا سے کم نہیں ہیں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پاکستانی طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ہونیوالے مقابلوں میں پاکستانی نوجوانوں نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ایسے ہی ذہین، قابل اور ٹیلنٹڈ نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا روشن مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، ملاقات کے دوران ماہین مسعود کے والدین اور ٹیچر بھی موجود تھیں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ماہین مسعود کو گورنر ہاؤس کی شیلڈ، بک اور نقد انعام بھی دیا۔ ماہین مسعود نے کیمبرج یونیورسٹی میں ہونیوالے انٹرنیشنل امتحان 2018 میں ٹاپ کیا جب کہ جعفر، حلیم اور شاہ زیب نے تھائی لینڈ ورلڈ میتھ مقابلے میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔