راؤ دلشاد : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح محمد البدیر کی ملاقات ہوئی ۔
وزیراعظم کی طرف سے امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح محمد البدیر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ رکھا گیا ۔ وزیراعظم نےڈاکٹر صلاح محمد البدیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے، آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے ۔
امام مسجد نبوی نے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔ وزیراعظم نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت اور درازیء عمر کی دعا کی، اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، کہا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لئے بے انتہا عزت و احترام ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے، ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کی جانب پر گامزن ہیں۔
امام مسجد نبوی نے پاکستان میں پر تپاک میزبانی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ستارے ہیں جو کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے ۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین , علمائے کرام ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید سعودی اور دیگر سعودی حکام شامل تھے ۔