احمد منصور : خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والےسی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج لیفَیننٹ عذیر محمود ملک شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں 3 مختلف مقامات پر خوارج اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اپنے دستے کی قیادت کرنے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے 4 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ۔ خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شدید زخمی ہوئے۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نےزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کی عمر 24 سال 8 ماہ تھی ، لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے ، انہوں نے 3 سال 7 ماہ تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا ۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں ۔