قومی ہیرو ارشد ندیم آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے، والہانہ استقبال، پھول نچھاور

11 Aug, 2024 | 01:10 PM

ویب ڈیسک:  اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم اپنے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

قومی ہیرو قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

آبائی علاقے پہنچنے پر قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، شہر کے داخلی راستوں پر ویلکم ارشد ندیم کے پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے تھے۔

میاں چنوں پہنچنے پر مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے، انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔ مینز جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا، ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
 

مزیدخبریں