سٹی42: پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی درخواستِ ضمانت فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کو فراہمی انصاف میں تاخیر کے ذریعے قوم کو احتجاج پر نہ ابھارا جائے۔
جمعہ کے روز جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نےدعویٰ کیا ہے کہ جیل میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو انتقام اور بد سلوکی کا نشانہ بنانیا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو خلافِ قواعد اٹک جیل میں قید کیا گیا ہے جس کی کور کمیٹی شدید مذمت کرتی ہے۔ چیئرمین عمران خان کیخلاف جاری انتقامی سلسلے پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے مکمل کئے گئے ٹرائل کے بعد درخواستِ ضمانت پر سماعت میں بلاجواز تاخیر نظامِ عدل پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ کور کمیٹی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو فوری طور پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔