شہباز شریف کی کابینہ میں ایک اور رکن کا اضافہ

11 Aug, 2022 | 02:38 PM

ویب ڈیسک:وزیر اعظم شہباز شریف نے شہریار علی خان کو معاون خصوصی تعینات کردیا، جس کے بعد کابینہ کی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں ایک اور معاون خصوصی کا اضافہ ہوگیا ، شہباز شریف نے شہریار علی خان کو معاون خصوصی تعینات کردیا۔وزیر اعظم کی منظوری کے بعد شہریار علی خان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، ان کا عہدہ وزیرمملکت کے برابر ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے نئے معاون خصوصی کو کوئی قلمدان نہیں دیا ہے، وزیر اعظم کے 17معاونین میں سے 14 کے پاس کوئی قلمدان نہیں۔شہریار علی خان کی معاون خصوصی تعیناتی کے بعد وزیر اعظم کی کابینہ کی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے۔

خیال رہے وفاقی کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد 34 ہے جبکہ سات وزرائے مملکت اور چار مشیر بھی شامل ہیں۔یاد رہے رواں سال مئی میں وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی سید فہد حسین کو معاون خصوصی مقرر کیا تھا ، فہد حسین بطور صحافی پی ٹی آئی اور عمران خان کے شدید ناقد رہے ہیں۔

مزیدخبریں