ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نےجہانگیر ترین کی شوگر ملز کو مرضی کے ریٹ پر چینی فروخت کرنے کی مشروط اجازت دے دی، عدالت نے جے کے اور جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کو حکومتی نوٹیفکیشن اور سیل پرائس کے مطابق مچلکے جمع کروانے کا عبوری حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے جے کے شوگر اور جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کی درخواست پر 2 صفحات کا عبوری تحریری حکم جاری کیاہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ کین کمشنر جہانگیر ترین کی شوگر ملز سے چینی سپلائی کا ریکارڈ مرتب کریں، عدالت نے درخواست کو مرکزی درخواست کیساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی جانب سے چینی کا ایکس مل ریٹ مقرر کرنے کے حکومتی نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایکس مل ریٹ 84 روپے 50 پیسے اور ریٹیل پرائس 89 روپے 50 پیسے مقرر کی گئی۔ اقدام غیر قانونی ہے۔
عدالت سے حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے، درخواست کے حتمی فیصلے تک چینی کی نئی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کی گئی۔