(جنید ریاض) طلبا کیلئے اہم خبر ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ڈبل شفٹ سرکاری سکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیئے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
کورونا کے باعث عرصہ دراز سے بند سیکنڈ شفٹ سکولز کو شام کے وقت دوسری شفٹ لگانے کی اجازت مل گئی,ایجوکیشن اتھارٹی نے مذکورہ سکولوں کے اوقات کار میں بھی کمی کردی ہے،نئے اوقات کار کے مطابق پہلی شفٹ میں سکول صبح 7 بجے لگیں گے چھٹی 11 بجے ہوگی، دوسری شفٹ میں سکول دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک لگیں گے، جمعہ سمیت پورا ہفتہ سکولوں کےاوقات کار ایک ہی ہونگے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے نئے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا۔
علاوہ ازیں لاہورسمیت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی بحالی پر کام شروع کردیا گیا، پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں سپورٹس کا پیریڈ بھی شامل کرلیا گیا، پانچ گھنٹوں کی سکولنگ میں 45 منٹ سپورٹس کا پیریڈ لازمی ہوگا،ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن ایجوکیشن کا ٹیچر سپورٹس کی کلاس لے گا۔
دوسری جانب لاہور سمیت صوبہ بھر کے نجی وسرکاری سکولوں کے عملے کے لئے کورونا ویکسی نیشن لگوانا لازمی قرار دیدیا گیا، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے عملے کو ویکسی نیشن کے لیے ڈیڈ لائن دے دی۔
مراد راس نےویڈیو بیان میں کہا ہے کہ 22 اگست تک تمام سرکاری اور نجی سکولز کے اساتذہ اور دیگر عملے کے لیے ویکسی نیشن کرانا لازمی ہے،سکولوں میں ویکسی نیشن کرانے کے لیے نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے، ویکسی نیشن نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ سکول کو سیل کردیا جائے گا، 22 اگست کے بعد کسی بھی فرد کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سکول میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔