نیب کا مریم نواز سمیت لیگی کارکنان کیخلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ

11 Aug, 2020 | 05:01 PM

Arslan Sheikh

( سعود بٹ ) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی منظوری کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنان کے غیر قانونی اقدام اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیب لاہور میں مریم نواز کو ذاتی حیثیت میں موقف لینے کیلئے طلب کیا گیا تھا تاہم ان کی جانب سے پیش ہوکر جواب دینے کی بجائے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے ذریعے منظم انداز میں غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پتھراؤ کیا گیا۔ ترجمان نیب کے مطابق نیب کے 20 سالہ دور میں پہلی مرتبہ ایک آئینی و قومی ادارے کیساتھ اس نوعیت کا برتاؤ کیا گیا ہے، جس میں نیب کی عمارت پر پتھراؤ کرتے ہوئے کھڑکیوں کے شیشے توڑنے کے علاوہ نیب کے عملے کو بھی زخمی کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی منظوری کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں و کارکنان کے غیر قانونی اقدام اور کار سرکار میں مداخلت کی ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

نیب کی جانب سے آگاہ کیا جاتا ہے نیب ایک قومی ادارہ ہے جس کی تمام تر وابستگیاں ملک و قوم کیساتھ ہیں۔ نیب کا کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں جبکہ نیب کے تمام تر اقدامات آئین و قانون کی روشنی میں سرانجام دیتا ہے۔ 

مزیدخبریں