(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے کی ایک اور دستاویزی فلم کو 41 ویں ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق معروف ٹی وی ایوارڈز فیسٹیول ایمی نے شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم " فریڈم فائٹرز"کو 41 ویں سالانہ نیوز اینڈ ڈاکیومنٹری ایوارڈز برائے بیسٹ فیچر سٹوری ان نیوز میگزین کے لیے نامزد کیا، ایمی ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان 21 ستمبر کو ورچؤلی یعنی آن لائن تقریب میں کیا جائے گا۔
شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم فریڈم فائٹرز کی کہانی 3 بہادر خواتین پر مبنیٰ ہے جن میں ایک ماضی میں کم عمری کی شادی کا شکار، ایک پولیس افسر اور ایک مزدوری کی جنگ کرنے والی خاتون ہیں جو عدم مساوات کے خلاف آواز اٹھاتی ہیں اور ملک میں یکساں حقوق پر زور دیتی ہیں۔
اس دستاویزی فلم کی ہدایتکار ماہین صادق ہیں جب کہ یہ فلم ایس او سی فلمز نے سینٹر فار انویسٹیگیٹو جرنلزم کے لیے پروڈیوس کی تھی جو ڈاکیومنٹری سیریز کا حصہ تھی۔
اس ڈاکیومنٹری سیریز میں ان 4 خواتین فلم سازوں کے کام کو پیش کیا گیا جو خواتین کے بااختیار ہونے اور مواقع لینے سے متعلق فلمیں بناچکی ہیں۔
واضح رہے کہ شرمین عبید چنائے نے 25 سے زائد مختلف دستاویزی، اینیمیٹڈ اور شارٹ فلموں کو پیش کیا ہے اور انہیں آسکرا، سارک فلم ایوارڈ سمیت گلیمرس، لکس اسٹائل اور حکومت پاکستان کی جانب سے بھی ایوارڈ مل چکے ہیں، 2018 میں شرمین عبید چنائے کو امریکا کے ادارے "تالبرگ فاؤنڈیشن" کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔