(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہرعلی نے سوشل میڈیا پر سابق کپتان سرفراز احمد کے ٹویٹ کا جواب دے دیا۔
جوز بٹلر اور کرس ووکس کی شاندار پارٹنرشپ کی بدولت انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے، کپتان اظہر علی دونوں اننگز میں بیٹنگ میں ناکام رہے اور ایک موقع پر میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا تاہم دوسری اننگز میں بیٹسمینوں کی خراب پرفارمنس کی وجہ سے انگلینڈ میچ جیت گیا۔
مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست پر سابق کرکٹرز نے بھی تنقید کی، سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم ایک اچھے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکی، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہمارے کپتان نے جیت کا موقع کھو دیا۔
سابق فاسٹ باؤلر نے اظہر علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کپتان کو کئی مواقع ملے لیکن انہوں نے فائدہ ہی نہیں اٹھایا، ہم کاؤنٹی باؤلرز نہیں ہیں جو آئیں اور سارا دن لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کریں۔
اس معاملے پر سابق کپتان سرفراز احمد نے ٹوئٹر پر اظہر علی کے ساتھ اپنی ایک خوشگوار موڈ میں لی گئی تصویر شیئر کی اور کپتان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا کہ 'بھیا مضبوط رہیں، ہم باؤنس بیک کریں گے، سابق کپتان نے اظہر علی کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں ’پاکستان زندہ آباد‘ بھی لکھا۔
اب اس کے جواب میں اظہر علی نے لکھا ہے کہ 'بھیا انشاء اللہ، آپ ایک عظیم آدمی ۔
علاوہ ازیں سابق کپتان و لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق نے مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست پر ٹیم کو امید دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب بھی انگلینڈ سے کافی بہتر ہے اور سیریز بھی جیت سکتا ہے۔
خیال رہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں سرفراز احمد پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔