(حسن علی) عید قربان پر مصالحہ اور سبزی فروشوں نے سرکاری نرخنامے کےدھجیاں اُڑا دیں، قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے شہریوں کے مسائل کئی گنا بڑھا دئیے، شہر میں ہرے مصالحے، پیاز اور ٹماٹر سمیت بیشتر سبزیوں کی قیمتیں 100 روپے سے تجاوز کر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں پیاز 100 روپے کلو، ٹماٹر 120، لیموں 2 سو روپے، لہسن 300 اور ادرک 50 روپے کے اضافے کے بعد 400 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ ہرا دھنیا 250 روپے، آلو 50 سے60 روپے، توری 80، کریلے 100 روپے، سبز مرچ 150 روپے اور گھّیا کدو 100 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا۔
اس حوالے سے خریداروں کا کہنا تھاکہ شہر کے کسی بھی علاقے میں سبزیاں سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت نہیں کی جا رہیں، حکومت اپنے جاری کردہ نرخنامے کے مطابق سبزیاں اور پھل فروخت کرائے۔
دوسری طرف سبزی فروشوں کا کہنا تھا کہ جب تک بادامی باغ سبزی منڈی میں سرکاری نرخنامے کے مطابق سبزیاں فراہم نہیں کی جائیں گی، اس وقت تک شہر میں سرکاری نامے پر عملدرآمد نہیں ہو سکتا۔