(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کی جانب سے میشا شفیع کی اپیل خارج کرنے کے خلاف کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، درخواستگزار میشا شفیع کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اداکار علی ظفر کے ہراساں کرنے پر صوبائی محتسب پنجاب کو درخواست دی، قانون کے برعکس درخواست مسترد کر دی گئی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل احمد پنسوتا نے دلائل دیتے ہوئے یہ نشاندہی کی تھی کہ صوبائی محتسب کے فیصلے کے خلاف گورنر پنجاب کو کو اپیل کی تھی لیکن گورنر پنجاب نے بھی اپیل خارج کر دی. درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ہراساں کرنے پر علی ظفر کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔
عدالت نے اپنے تحریری حکم نامہ میں کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل گورنر پنجاب اور صوبائی محتسب پنجاب سے ہدایات لے کر عدالت میں پیش ہوں۔ علی ظفر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا ہے. میشا شفیع کی درخواست پر مزید کارروائی 4 اکتوبر کو ہو گی۔