زخمی ڈاکو کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے والا شہری گرفتار

11 Apr, 2024 | 11:16 PM

سٹی42: کراچی میں سٹریٹ کرائم کے حوالے ایک مخصوص گروہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر  کی جا رہی مسلسل کیمپین کا تلخ نتیجہ نکل آیا۔ سپر ہائی وے پر جنجال گوٹھ میں زخمی ڈاکو کو  ایک شہری نے بلا ضرورت گولیاں مار دیں اور اس عمل کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلا دی گئی۔ پولیس نے زخمی راہزن کو سرعام گولیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آنے پر پولیس نے فائرنگ کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا۔


ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہسر  نے بتایا کہ گزشتہ روز 3 راہزن ایک  نوجوان سے موٹرسائیکل چھین رہے تھے تو اس نوجوان نے مزاحمت کی۔ راہزنوں نے مزاحمت کرنے والے نوجوان مطیع اللہ  کو گولی مار کر زخمی کردیا۔


جب یہ راہزن فرار ہورہے تھے تو شہریوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی تو  انہوں  نے عوام پر فائرنگ کی جس سے ان کا اپنا ہی ایک ساتھی زخمی ہوگیا اور دو ڈاکو زخمی ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

زخمی نوجوان مطیع اللہ کے چچا جاوید نے موقع پر آ کر زخمی ڈاکو کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈاکو کو گولیاں مارنے والے جاوید کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

مزیدخبریں