ویب ڈیسک: تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشستوں سے استعفے دینے کے اعلان کے بعد صدرمملکت عارف علوی نے بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی استعفیٰ دینے پر غور کررہے ہیں۔ اس حوالے سے وہ قریبی ساتھیوں سےمشاورت کررہے ہیں۔
دوسری جانب ایک قانونی نقطہ سر اٹھا رہا ہے کہ اگر صدر مملکت عارف علوی مستعفی ہوجاتے ہیں تو نومنتخب وزیراعظم پاکستان حلف کیسے اٹھائیں گے؟ کیونکہ نئے وزیراعظم سے حلف صدرمملکت لیتے ہیں۔
اگر ایسی صورتحال پیش آجائے کہ وزیراعظم کی تقریب حلف برداری سے قبل صدرمملکت استعفا دے دیں پھر قانون کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے پاس اختیار آجاتا ہے کہ وہ نئے منتخب ہونے والے وزیراعظم سے حلف لیں۔
لیکن اگر کسی وجہ سے چیئرمین سینیٹ بھی مستعفی ہوجائیں تو پھر تیسری اور آخری آپشن چیف جسٹس پاکستان ہیں۔ ایسی صورت میں پھر چیف جسٹس پاکستان نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے۔