دنیائے موسیقی کے معروف اُستاد حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کر گئے

11 Apr, 2021 | 06:26 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)دنیائے موسیقی کے نامور فنکار  اُستاد دلشاد حسین خان اپنے مداحوں کو رلا گئے،مرحوم حرکت قلب بند ہونے پر جہاں فانی سے رخصت ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق موسیقی کی دنیا کے نامور فنکار استاد دلشاد حسین خان دل کا دورہ پڑنے پر انتقال کرگئے، استاددلشاد حسین خان کی میت امریکا لے لائی جائے گی جہاں ان کی فیملی 1996 سے رہائش پزیر ہے، ان کی تدفین بھی امریکا میں ہی ہو گی۔خاندانی ذرائع کے مطابق استاد دلشاد حسین خان  کو پاکستان سے امریکا جاتے ہوئے ترکی کے استنبول ائیر پورٹ پر دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

دلشاد حسین خان کا تعلق بھارت کے دہلی گھرانے سے تھا اور  وہ وائلن بجانے میں غیرمعمولی مہارت رکھتے تھے۔انہوں نے اپنی موسیقی سے دنیا کے لاکھوں میوزک سے محبت کرنے والوں کے دل جیت لئے۔استاد دلشاد وہ واحد پاکستانی وائلن نواز تھے جنہوں نےواشنگٹن ڈی سی کیپٹل ہل میں اپنے موسیقار بیٹے استاد ثمر حسین خان کے ساتھ پرفارم کیا۔

انہوں نے 1973 میں ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور مہدی حسن ، نور جہاں ، عابدہ پروین ، فریدہ خانم ، مہناز بیگم سمیت تمام گلوکاروں کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے استاد نصرت فتح علی خان اور سلامت علی خان جیسے کلاسیکی میوزک ماسٹرز کے ساتھ بھی کام کیا۔ عظیم وائلن استاد نے فلم انڈسٹری کے مشہور موسیقاروں جیسے نثار بزمی ، خورشید انور ، اے حمید اور دیگر کے ساتھ بھی کام کیا۔

مزیدخبریں