(ویب ڈیسک)ارب پتی امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک کی کمپنی نیورا لنک نے بندر کے دماغ میں الیکٹرونک چپ لگا کر اسے ویڈیو گیم کھیلنا سکھا دیا۔
غیرملکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے بندر پر کامیاب تجربے کے بعد جلد انسانوں پر بھی تجربات کرنے کا اعلان کیا۔ ایلن مسک کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ کامیاب تجربات کے بعد ایسی پروڈکٹ جلد لائی جائے گی جس سے فالج زدہ افراد کیلئے سمارٹ فون کا استعمال کرنا ممکن ہو گا۔
ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ انسانوں کو سپر ہیروز جیسی طاقت دینے پر یقین رکھتے ہیں جس کیلئے تجربات کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ کافی عرصے سے ایسی ہی ایک انوکھی ڈیوائس پر کام کر رہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ اس میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوچکی ہے۔ اسی سلسلے میں کمپنی نے حال ہی میں بندر پر تجربہ کیا ہے، جس میں وہ ذہن کو استعمال کرتے ہوئے ویڈیو گیم کھیل رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ ویڈیو یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں نیورا لنک پیجر نامی بندر ویڈیو گیم کھیتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں بتایا گیا کہ بندر کی جانب سے گیم پیڈلز کو ذہن سے کنٹرول کیا جارہا ہے، یعنی بس وہ ہاتھ اوپر یا نیچے کرکے حرکت کا خیال ذہن میں لاتا اور یہ بندر مائنڈ پونگ میں واقعی بہترین ہے۔نیورالنک کی ڈیوائس کو پیجر کے دماغ کی دونوں جانب نصب کرکے عصبی سرگرمیوں کو دیکھا گیا، پھر بندر نے گیم کو چند منٹ تک جوائے اسٹک کے ذریعے کھیلا تاکہ سافٹ ویئر ہاتھوں کی حرکات سے منسلک سگنلز کو سمجھ سکے۔
بعدازاں ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ایک بندر حقیقی معنوں میں ایک دماغی چپ کے ذریعے ویڈیو گیم کھیل رہا ہے، کمپنی کے مطابق ہمارا پہلا مقصد معذوری کے شکار افراد کو ان کی ڈیجیٹل آزادی واپس فراہم کرنا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد دماغی اور ریڑھ کی ہڈی کی انجری یا پیدائشی نقائض کے شکار افراد کو فون یا کمپیوٹر اپنے ذہن سے کنٹرول کرنے میں مدد دینا ہے۔