( مانیٹر نگ ڈیسک) سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کورونا لاک ڈاﺅن کے دوران بوریت بھگانے کیلئے کچن کا رخ کیا اور مزے دار کھانے بنائے، اہلیہ شنیرا نے ان کی روٹی بناتے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، اب تک کورونا وائرس 71 افراد کی زندگیاں نگل چکا جبکہ 4700 سے زائد افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو مزید روکنے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاﺅن نافذ کیا گیا، آج لاہور میں لاک ڈاﺅن کا 19 واں روز ہے، تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز، سینما گھر، شادی ہالز بند ہیں، لوگ گھروں میں محصور ہیں، کورونا وائرس کے پیش نظر کچھ اداکاراﺅں اور فنکاروں نے اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیا۔
پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم لاک ڈاﺅن کے دوران اپنے مداحوں کو سرپرائز دیتے دکھائی دے رہے ہیں، زندگی بھر کرکٹ کے میدانوں کو رونق بخشنے والے مایہ ناز کھلاڑی نے لاک ڈاﺅن کے دوران مداحوں کو جہاں بوریت بھگانے کا نسخہ بتایا وہاں شاندار کھانے تیار کر کے اپنی اہلیہ کا دل بھی جیت لیا۔
شنیرا بھی پیچھے نہ رہیں اور موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، ساتھ ہی مرد حضرات کو پیغام دیا کہ وہ بھی کھانا پکانے میں اپنی بیگمات کی مدد کریں اور لاک ڈاﺅن کے دوران بور ہونے کی بجائے صحت مند سرگرمی میں وقت گزاریں۔
واضح رہےکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ فیصل قریشی کی فلم 'منی بیک گارنٹی' میں جلوہ گر ہوں گے، فلم کی کاسٹ میں فواد خان، میکال ذوالفقار، عائشہ عمر، مانی، جان ریمبو ، حنا دلپزیر اور جاوید شیخ اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔