لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 396 ہوگئی

11 Apr, 2020 | 08:02 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (بسام سلطان، عثمان علیم، وقاص احمد) کورونا کے وار جاری، شہرمیں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد11 ہوگئی جبکہ تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد396 تک پہنچ گئی۔

پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرکی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد2410ہوگئی ہےجبکہ لاہور میں وائرس کے مصدقہ مریض396 ہوگئے، 138 کورونا پازیٹو میو ہسپتال، 69 ایکسپو ہسپتال، 21 پی کے ایل آئی، 5 چلڈرن، 7سروسزہسپتال، 3 جناح اور 2 جنرل ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

 پنجاب میں 31 ہزار 535 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2410 میں وائرس کی تشخیص ہوئی، 24 گھنٹوں میں 39 افراد صحتیاب ہو کر گھر چلے گئے، 701 زائرین سنٹرز، 733 رائیونڈ سے منسلک افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، 80 قیدیوں،822  عام شہری میں کورونا میں مبتلا ہیں۔

سمن آباد کی سکندریہ کالونی میں مزید 10 سیمپل پازیٹو آگئے، علاقے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد20 ہوگئی، اے سی سٹی تبریز مری کی جانب سے سکندریہ کالونی سیل کردی گئی، داخلی و خارجی راستوں پرپولیس اہلکار تعینات کردیے گئے، چاہ میراں بازار مکھن پورہ میں کورونا کے مشتبہ مریض رپورٹ ہونے پرپورا علاقہ سیل کر دیا گیا، جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس تعینات کردی گئی۔

رہنما پی ٹی آئی ملک زمان نصیب، یاسربٹ اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے سیل کیے گئے علاقہ کا جائزہ لیا، اس موقع پر ملک زمان نصیب نے کہاکہ سیل علاقے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 70 گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز پورے ایریا میں جراثیم کش سپرے بھی کرایا گیا۔ایک شہری سپین سے آیاجس کی وجہ سے نہ صرف اس کے گھر والے بلکہ امام مسجد بھی متاثر ہوئے۔

علاوہ ازیں کوروناوائرس کے بڑھتے وار کے باعث لاک ڈاﺅن میں مزید توسیع پر غور کیا جارہا ہے، 22 اپریل تک شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے سے متعلق فیصلہ کابینہ اجلاس میں ہوگا، لاک ڈاﺅن کے دوران مزید صنعتیں چالو کرنے کی تجویز پر بھی مشاورت ہو گی۔

مزیدخبریں