( زین مدنی ) معروف اداکار دانش تیمور نے اپنے گھر کی خواتین کی ان خدمات کے لیے شکریہ کا نوٹ لکھا ہے جو اکثر نظر انداز کردی جاتی ہیں، ان کی پوسٹ کو سوشل میڈیا پر بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔
دانش تیمور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے گھر کی تمام خواتین کا شکریہ ادا کیا۔ دانش نے لکھا کہ اس مشکل وقت میں مجھے احساس ہو رہا ہے کہ میرے گھر کی خواتین کتنی محنت کرتی ہیں، مرد باہر جاتے ہیں اور کام کرتے ہیں تو انہیں لگتا ہے کہ وہی سارا کام کرتے ہیں لیکن جب آپ اس طرح آئسولیشن میں گھر میں بیٹھتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ خواتین کتنا کام کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صبح جلدی اٹھ کر ناشتہ بنانے سے لے کر، سارا دن بچوں کا خیال رکھنا، صفائی ستھرائی کرنا، کھانے پکانا اور گھر کے اندرونی و بیرونی معاملات سب کا خیال رکھنے تک یہ سب کچھ نظر انداز کردیا جاتا ہے۔
دانش نے اپنی والدہ، اہلیہ اور بیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج میں جہاں ہوں وہ ان کی وجہ سے ہے۔ میں آپ کا قرض دار ہوں اور کبھی آپ کا احسان چکانے کے قابل نہیں ہو سکوں گا۔
بعد ازاں دانش کی اہلیہ اور معروف اداکارہ عائزہ خان نے ان کی پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت ہونے کی حیثیت سے ہمیں ہمیشہ تعریف کی ضرورت رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر معاملے میں ہماری مدد کرنے کا شکریہ۔