( اکمل سومرو ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سالانہ جابز فیئر کا انعقاد، جابز فیئر میں 40 کمپنیوں کی جانب سے طلبا کو ملازمت اور انٹرن شپ فراہم کرنے کے لیے سٹالز لگائے گئے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سالانہ جابز فیئر کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے کیا۔ سالانہ جابز فیئر میں مارکیٹنگ، بزنس اور مینجمنٹ سے متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے۔ جابز فیئر میں طلبا کو انٹرن شپ اور ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے موقع پر انٹرویوز بھی لیے گئے ۔ یونیورسٹی حکام کی جانب سے بی ایس آنرز اور ایم اے، ایم ایس سی کے فائنل سمیسٹرز کے طلبا کو خصوصی طور پر جابز فیئر میں مدعو کیا گیا۔
جابز فیئر میں آنے والے طلبا کا کہنا تھا کہ ایک ہی جگہ پر مختلف کمپنیوں کی جانب سے نوکریوں کے لیے سٹالز لگانا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ڈگریوں سے متعلقہ ملازمتوں کے مواقعوں سے بھی آگاہی ملتی ہے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق جابز فیئر میں کمپنیوں کی جانب سے 70 طلباء وطالبات کو ملازمتیں جب کہ 112 طلباء کو انٹرن شپ آفرز کی گئی ہیں۔