ملک اشرف : چیئرمین نادرا لیفٹنینٹ جنرل منیر افسر عہدے پر بحال ہوگئے ، لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادراکی تعیناتی کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کردیا ، عدالت حکم امتناع جاری کرتے ہوئے درخواست گزار خاتون اشباء کو نوٹس جاری کردیا ۔
جسٹس چودھری محمد اقبال اور جسٹس احمد ندیم ارشد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے وفاقی حکومت کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی، وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشدین نواز قصوری پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں کیا، ڈپٹی اٹارنی جنرل اسدعلی باجوہ سمیت دیگر لاءافسران کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی گئی کہ فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، دو رکنی بینچ نے فیصلہ معطل کرتے ہوئے درخواستگزار خاتون اشباء کامران کو نوٹس جاری کردیا،اور مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی، دوران سماعت درخواستگزاراشباء کامران بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔