ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کی جانب سے بہتر اور بر وقت موسمی پیشگوئی کیلئے جدید سرویلنس ریڈار خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہروں چراٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 2، بلوچستان کے شہروں کوئٹہ ، گوادر میں 2 جبکہ پنجاب کے شہر لاہور میں ایک ریڈار نصب ہوگا،مہر صاحبزاد خان نے بتایا کہ کراچی میں پہلے ہی سے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ریڈار سٹیشن موجود ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے بروقت آگاہی، درست تجزیے کے لیے آٹومیٹک ویدر سٹیشنز انتہائی معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے جدید آلات ورلڈ بینک کے تعاون سے نصب کیے جائینگے، مقامی انجینئرز کے علاوہ غیرملکی ماہرین منصوبے کی تکمیل میں معاونت کرینگے،ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق جدید آلات سے مزین موسمیاتی نظام کا منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا، اس منصوبے پر 14 ارب روپے پاکستانی جبکہ 50 ملین ڈالرز کی لاگت آئیگی،مہر صاحبزاد خان نے کہا کہ ڈی جی محکمہ موسمیات آٹومیٹک ویدرسٹیشنز سے موسمیاتی صورتحال کی مانیٹرنگ مزید بہتر انداز میں ہو سکے گی۔